(اسد ملک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابق وزیراعظم نوازشریف سعودی عرب سے دبئی پہنچ گئے جوکہ ہفتے کو خصوصی طیارے پر پاکستان پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن)نوازشریف جدہ سےدبئی پہنچ گئے،سابق وزیراعظم کے ہمراہ ان کے بیٹےسمیت پانچ افراد دبئی آئے ہیں،نوازشریف کو دبئی ائیرپورٹ پر حکام کی طرف سے خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف دبئی میں اپنی صاحبزادی اسما نواز کے ساتھ ایمریٹس ہلز میں قیام کر رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم دبئی میں دو دن قیام کریں گے، اوراس دوران اپنے قانونی ماہرین سے مزید مشورے کریں گے۔قائدمسلم لیگ ہفتےکی صبح خصوصی طیارےکےذریعےپاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔نواز شریف21 اکتوبر کو اسلام آباد آئیں گے، اسلام آباد میں قانونی امور پر مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہوں گے جہاں وہ مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔
لاہور میں نواز شریف کے جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں پر12 ہزارپولیس اہلکار اور تین ہزار ٹریفک وارڈن ڈیوٹی دیں گے، قافلوں کے لیے بند روڈ اور رنگ روڈ کے قریب پارکنگ ہوگی۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ احتساب عدالت نے بھی توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔