ایچ ای سی کا یونیورسٹیز میں سیرت چیئرز قائم کرنے کا فیصلہ

ایچ ای سی کا یونیورسٹیز میں سیرت چیئرز قائم کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فیروز پور روڈ (اکمل سومرو، قیصر کھوکھر) محکمہ ہائیر ایجوکیشن کا یونیورسٹیزمیں سیرت چیئرز قائم کرنے کا فیصلہ، لاہور سمیت صوبے کی 47 یونیورسٹیوں میں سیرت چیئرز قائم کرنے کیلئے وائس چانسلرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر  ہر یونیورسٹی میں سیرت چیئر قائم کر کے نعت خوانی کے مقابلہ جات اور سیرت رسولۖ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔سیکرٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن ارم بخاری نے کہا ہے کہ سیرت چیئرز قائم کرنے کا مقصد یونیورسٹیوں کے طلبا کو حضرت محمدۖ کی تعلیمات سے آگہی فراہم کرنا اور نوجوانوں کو سیرت کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دینا ہے۔ سیرت چیئرز کے تحت طلبا و طالبات میں 25 کروڑ روپے کے سکالر شپ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

دوسری جانب محکمہ ہائرایجوکیشن نے رحمت العالمینﷺ سکیم کے تحت طلبا کو سکالرشپ دینے کیلئے 25 کروڑ روپے مانگ لئے، محکمہ خزانہ نے طلبا کیلئے 25 کروڑ روپے کا سکالرشپ منظور کرلیا ہے، ان طلبا کو بہترین نعت اور دیگر مقابلوں کیلئے اعلیٰ کارکردگی دکھانے پربھی انعامات دئیے جائیں گے۔

واضح رہےکہ 4 نومبر کو وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار نے ہر سال ربیع الاول میں  سرکاری طور پر ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ منانے کا اعلا ن کیا تھا، 13 نومبر سے حضرت محمد ﷺکی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر تقریبات  منعقد کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب میں 50 کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈ سے رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے  کہا تھا کہ25 کروڑ روپے کی رقم سے پوزیشن ہولڈر طلبا کو وظائف دئیے جائیں گے، صوبہ بھر میں میٹرک پاس کرنیوالے غریب اور نادار طلبا کو مزید پڑھائی کیلئے رحمت اللعالمین سکالرشپ بھی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ سکالرز کو اسلامی دنیا کے بہترین اداروں میں نبی کریمۖ کی سیرت پر ریسرچ کیلئے سکالر شپ دی جائے گی، محسن انسانیت حضرت محمدۖ کی حیات مبارکہ پر مختصر دستاویزی فلمیں بنائی جائیں گی ۔

Sughra Afzal

Content Writer