سٹی 42: انٹر سٹی ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں یکساں پالیسی لائے جانے تک گاڑیاں چلانے سے انکار کردیا۔
ملک بھر کے ٹرانسپورٹروں نے پبلک ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی قائم کرلی جس کا کہنا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی کی طرف سے ملک بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے مشترکہ اور یکساں ایس اوپیز جاری ہونے تک انٹر سٹی ٹرانسپورٹ نہیں چلائیں گے۔چاروں صوبوں کے ٹرانسپورٹروں کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں کہا گیا کہ ہر صوبے کے پبلک ٹرانسپورٹ کے ایس او پیز میں ابہام موجود ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ قومی رابطہ کمیٹی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کرکے ملک کے لیے یکساں اور متفقہ ایس او پیز جاری کرے ورنہ عید تک اور بعد میں بھی ٹرانسپورٹ نہیں چلائیں گے، چاہے بسیں غیر معینہ مدت تک کھڑی رکھنی پڑیں کیونکہ موجودہ ایس او پیز کے تحت بسیں چلانا نقصان دہ ہے۔
یاد رہے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 986 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 45898 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 345 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 299 اور پنجاب میں 290 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 38 ، اسلام آباد 9، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، لاہور میں کورونا سے مزید 5 شہری جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 102 ہوگئی، جبکہ 503 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 8115 ہوگئی، پنجاب میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹوں کے نتیجے میں 15976 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، مجموعی اموات بڑھ کر 273 ہوگئیں۔
24 مارچ سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاہور سمیت بھر پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، اب عید کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی، مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز کھل گئے، ٹرین سروس بھی بحال کردی گئی تاہم شادی ہالز ، سینما گھر، تعلیمی ادارے، تفریحی پارکس تاحال بند ہیں۔