ایبٹ روڈ (زین مدنی )عوام میں مقبول عام ترک ڈرامہ ارطغرل غازی میں بہادر جنگجو اور سلیمان شاہ کے بیٹے ارطغرل کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انجین التان دوزیتان نے بھی جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی۔
تُرک سیریز دیرلیش ارطغرل میں قائی قبیلے کے سردار سلیمان شاہ کے بیٹے’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انجین التان دوزیتان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک اسٹوری شیئر کی۔ انسٹاگرام پر شیئر کردہ اسٹوری میں انجین التان نے پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک کے نئے ریکارڈ کی تصویر شیئر کی جس کے مطابق صرف 18 دن میں یوٹیوب پر ’ارطغرل غازی‘ کو 10 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ انجین التان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستانیوں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’ارطغرل غازی‘ دیکھنے پر سب کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے جلد پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے ایک دن میں آپ سب سے ضرور ملاقات کروں گا۔‘
دوسری جانب ’دیرلیش ارطغرل‘ میں ارطغرل کے اہم ترین ساتھی تورگت الپ کا کردار ادا کرنے والے جنگیز جوشقون نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستانیوں کے پیار کا شکریہ ادا کیا۔ انسٹاگرام پر شیئرکردہ اسٹوری میں جنگیز جوشقون نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے اپنے تمام پاکستانی مداحوں کو اِس مشکل گھڑی میں محفوظ اور تندرست رہنے کی تلقین کی۔