( وقاص احمد ) پولیس شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ قتل، ڈکیتی جیسے لرزہ خیز واقعات نے عوام میں خوف وہراس پیدا کردیا ہے۔
شہر میں لاک ڈاؤن کے دنوں میں بھی ڈاکے، چوریا اور قتل جیسی وارداتیں ہورہی ہیں۔ شہریوں کے تحفظ کے لئے سکیورٹی ادارے ملزمان کو نکیل ڈالنے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ بڑھتے ہوئے جرائم نے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ملزمان دن دیہاڑے شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں اور مزاحمت کرنے پر بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
ایسے ہولناک واقعات کی وجہ سے لوگوں کا طرز زندگی اور کاروبار متاثر ہو کررہ گیا ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جو لوگ ان دنوں کاروبار کی غرض سے گھروں سے نکلتے ہیں وہ غیر محفوظ ہیں۔
اقبال ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے گھروں میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں کرنے والے بین الاصوبائی گروہ کی دو خواتین سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سرغنہ گینگ فیض عرف فیضو، پروین عرف پینو اور اس کی ساتھی زلیخا شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کی رکن اشتہاری ملزمہ پروین عرف پینو 12 سالہ سے ڈکیتی کے مقدمہ میں لاہور پولیس کو مطلوب تھی۔
پولیس ملزمان سے 3 لاکھ روپے نقدی، چوری شدہ کار،3 موبائل فونز، آلات نقب زنی اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ملزمان نے لاہور سمیت فیصل آباد، اسلام آباد اور کراچی کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
ادھر باغبانپورہ پولیس نے گھر میں شراب بنانے والے ملزمان کے اڈے پر چھاپہ مارا۔ زہریلی شراب فروخت کرنیوالا بدنام زمانہ عمران عرف بجلی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ باغبانپورہ کے مطابق عمران بجلی، فیاض اور رئیس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان سے 640 لیٹر زہریلی شراب برآمد کر لی۔ ملزمان عرصہ دراز سے گھر میں شراب بنا کر مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق علاقے میں منشیات فروشی کیخلاف کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے۔