موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

 موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) لاہور سیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائےگا، انسداد دہشتگردی عدالت میں ٹرائل کے دوران 37 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کیمپ جیل میں لاہورسیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس کا 18 مارچ کو محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنائیں گے، ملزم عابد ملہی کو جیل کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، عدالت نے پراسیکوشن کو حتمی دلائل کیلئے آج طلب کیا۔

گزشتہ سماعت پر پراسکیوشن نے دلائل میں کہا  تھا کہ ملزم عابد ملہی کو متاثرہ خاتون نے مجسٹریٹ کے سامنے شناخت کیا، ملزموں نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا لہذا شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ 

ملزموں کی طرف سے قاسم آرائیں ایڈووکیٹ اور شیر گل قریشی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سی ڈی آر کے مطابق ملزم شفقت کی موجودگی ظاہر نہیں ہوتی جبکہ ملزم شفقت علی عرف بگا کی شناخت پریڈ گرفتاری کے 22 دن بعد کروائی گئی اور ملزم شفقت کا ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیان ایک ماہ اور 18 دن کی تاخیر اور دباؤ کے تحت کروایا گیا۔

وکیل صفائی نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا تھا  کہ ملزم شفقت علی کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیان قلمبند کروانے کیلئے فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا گیا اور قبول جرم کا بیان قلمبند کرواتے ہوئے مقدمہ کا تفتیشی افسر بھی عدالت میں موجود تھا، جیل میں شناخت پریڈ کے دوران اسی اہلکار کے ذریعے متاثرہ خاتون کو جیل کے اندر لایا گیا جو ملزموں کو پہلے دیکھ چکا تھا، ملزم عابد ملہی کی عمر دستاویزات میں 35 برس لکھی گئی جبکہ ملزم حقیقی عمر 20 سال ہے۔

واضح رہے کہ  9 ستمبر 2020کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا،2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو باہر نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی تھی۔

واقعہ کے ملزم شفقت عرف بگا کو دیپالپور سے 13 ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا جبکہ 12 اکتوبر کو پولیس نے ملزم عابد ملہی کو اس کے قریبی عزیز کے گھر مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا۔دونوں ملزمان نے   دوران تفتیش اعترف جرم بھی کیا تھا،  پولیس نے تفتیش مکمل کرکے20فروری کو چالان جمع کرایاتھا، موٹروے زیادتی کیس کے جیل ٹرائل کا آغاز 24 فروری 2021 کو کیا گیا، ملزمان عابدملہی،شفقت پر3مارچ کو فرد جرم عائد کی گئی ،جیل میں دوران ٹرائل متاثرہ خاتون نےبھی بیان ریکارڈ کروایا تھا،  ملزمان کیخلاف زیادتی کیس کی مجموعی طورپر7سماعتیں ہوئیں۔

Sughra Afzal

Content Writer