( حافظ شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بلے باز عمر اکمل کو چارج شیٹ جاری کردی، الزامات ثابت ہونے پر عمر اکمل کو تاحیات پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان کرکٹ کے بگڑے شہزادے عمراکمل کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پی سی بی نے عمر اکمل کو چارج شیٹ جاری کردی، بلے باز 14 روز میں چارج شیٹ کا جواب دینے کے پابند ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق عمر اکمل کو 17 مارچ کو چارج شیٹ جاری کی گئی جس پر وہ 31 مارچ تک جواب جمع کرواسکتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے عمراکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 2.4.4 کی 2 مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا ہے۔
واضح رہے عمر اکمل پر الزام ہے کہ انہوں نے مشکوک لوگوں کے رابطوں اور پیش کش سے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ یا پھر اپنی فرنچائز کے اینٹی کرپشن آفیسر کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔
کوڈ کے مطابق کھلاڑی مشکوک یا انجان شخص کے رابطے، اس کی طرف سے کسی بھی قسم کی کوئی پیش کش یا پھر کسی سرگرمی میں شرکت کی دعوت پر جلد سے جلد پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ یا اپنی ٹیم کے سیکورٹی اینڈ ویجی لینس آفیسر کو آگاہ کرنے کا پابند ہے۔
جرم ثابت ہونے پر عمر اکمل پر کم از کم چھ ماہ اور زیادہ سے زیادہ تاحیات پابندی لگائی جاسکتی ہے۔ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کو 20 فروری کو عبوری طورپر معطل کیا تھا۔
عمر اکمل کی طرف سے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کی صورت میں معاملہ ٹربیونل کے پاس چلا جائے گا۔