(ریحان گل) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی پنچے گاڑ لیے، پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 152 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 451 ہو گئی ہے، سندھ میں مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 53، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، سندھ میں ایک مریض صحت یاب ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس دنیا کے 175 ممالک میں پھیل چکا ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس کے 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی سطح پر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جس کے بعد ہر ملک کی جانب سے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں.
پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سول سیکرٹریٹ سمیت سرکاری اداروں میں عوام کا داخلہ بند کیا گیا، صرف ضروری ملازمین کو دفتر حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی، تاہم دیگر سٹاف کو گھروں سے رابطے میں رہنے اور ضرورت پڑنے پر فوری کال ریسیو کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آرام پسند سرکاری ملازمین نے اس ناگہانی آفت کو فراغت تصور کرلیا ہے، متعدد سرکاری ملازمین دفتر سے آنے والی کالز ریسیو کرنے سے گریزاں ہیں اور نہ ہی دفتری معاملات پر جواب دے رہے ہیں، جس کے باعث اہم دفتری امور تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔