سٹی 42: ایف آئی اے نے گوجرانوالہ کے علاقہ گھمن والا میں کاروائی کر کے 2انسانی اسمگلر گرفتار کر لئے۔یونان میں کشتی حادثہ کے بعد جاری کریک ڈاون میں گرفتار کئے گئے انسانی اسمگلرز میں محسن اور شرافت شامل ہیں۔
،ایف ائی اے حکام کا کہنا ہے کہ محسن اور شرافت نے عمیر یحیٰی کو اٹلی بھیجنے کے لیے 25لاکھ روپے لئے تھے ۔ عمیر یحییٰ کے والد نےایف آئی اے کو بتایا کہ ان کا بیٹا 22سالہ عمیر یحییٰ بھی لیبیا سے اٹلی جانے والی کشتی میں سوار تھا۔ بیس دن ہوگئے ہیں عمیر سے کوئی رابط نہیں ہو رہا۔
ایف آئی اے نے عمیر کے والد کی درخواست پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اسی دوران گوجرانوالہ میں یونان کشتی حادثہ کے سلسلہ میں گرفتار کئے گئے دو انسانی سمگلرز کو ایف آئی اے نےعدالت میں پیش کردیا ۔
ملزم عظمت اور عمر کو عدالت میں پیش کرنے والے تفتیش افسر نے ملزمان کے6 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت نے ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کےحوالے کردیا ۔ عدالت نے ریمانڈ کی مدت پوری ہونے کے بعدملزم عظمت اور عمر کو 22 جون کو دوہارہ پیش کرنے کاحکم دیا۔