کراچی ائیرپورٹ پر کسٹمز اور سکیورٹی فورس کا آپس میں ہی جھگڑا ہوگیا

کراچی ائیرپورٹ پر کسٹمز اور سکیورٹی فورس کا آپس میں ہی جھگڑا ہوگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک: کراچی ائیرپورٹ پر کسٹمز اور  ائیر پورٹ سکیورٹی فورس ( اے ایس ایف)  کا آپس میں جھگڑا ہو گیا۔

کراچی ائیرپورٹ کی تاریخ میں پہلی بار 3  بین الاقوامی پروازوں کے مسافر، کسٹم کلیئرنس کے بغیر روانہ ہوگئے  اور ان پروازوں میں حج پرواز بھی شامل تھی، اس تنازع کے بعد دونوں اداروں کا اجلاس ہوا جس دوران  اے ایس ایف کا کہنا تھا  کہ کسٹم افسر کا انٹری پاس غیر قانونی ویڈیو بنانے پر منسوخ ہوا، اے ایس ایف نے ایک افسر کو روکا تو کسٹمزکے دیگر افسران خود ڈیوٹی چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

دوسری جانب ائیرپورٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ اتوار کو اے ایس ایف اہلکاروں نے دبئی جانے والے مسافر سہیل دانش کو روکا جو مچھلی اور جھینگے لے جا رہا تھا، مسافر اور اے ایس ایف اہلکاروں میں اس معاملے پر بحث کے بعد اہلکار مسافر کو ہتھکڑی لگا کر لے گئے اور اسے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق کسٹمز حکام نے سامان کلیئر کرکے مسافر کو جانے کی اجازت دے دی  لیکن اس دوران تاخیر کے باعث مسافر کی پرواز چھوٹ گئی جس کسٹمز آفیسر نے سہیل دانش کے پاس ممنوعہ سامان نہ ہونے کی رپورٹ دی تھی، وہ پیر کی ڈیوٹی پر آیا تو ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے اسے لاؤ نچ میں داخلے سے روک دیا،اس باہمی تکرار کو ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے، اس اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے دیگر کسٹمز افسران اور اہلکاروں نے بھی کام چھوڑ دیا۔ 

کسٹمز ذرائع کے مطابق صبح 8 بجے سے 10 بجے تک 2گھنٹے جناح ٹرمینل کے بین الاقوامی لاؤنچ میں کسٹمز کاؤنٹر بند رہا، اس دوران تاریخ میں پہلی مرتبہ تین بین الاقوامی پروازوں کے مسافر بغیر کسٹم کرائے روانہ ہوگئے،  ان پروازوں میں جدہ ، دوحہ اور شارجہ کی پروازیں شامل ہیں ،  بعد میں کسٹمز اور اے ایس ایف کے اعلیٰ افسران میں رابطے کے بعد کسٹمز اہلکار ڈیوٹی پر واپس آگئے۔

اے ایس ایف ترجمان کا مؤقف ہے کہ مسافر سہیل دانش کے سامان کو اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر کے تحت روکا گیا،  مسافر نے سامان کی دستی تلاشی کروانے سے انکار کیا تھا۔