صدر نے قومی احتساب ترمیمی بل بغیر دستخط کیے واپس بھجوا دیا

صدر نے قومی احتساب ترمیمی بل بغیر دستخط کیے واپس بھجوا دیا
کیپشن: Doctor Arif Alvi
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن (ترمیمی) ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ کے بعد قومی احتساب (ترمیمی) بل 2022 بھی دستخط کے بغیر وزیراعظم آفس واپس بھجوادیا۔
صدر مملکت کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کیے گئے ٹویٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بل پر دستخط نہیں کیے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں ذاتی طورپر آئین کی پاسداری کرتا ہوں، ہمیں قرآن و سنت کے احکامات پرعمل کرنا چاہیے اورسب سے بڑھ کر میں اللہ کے سامنے جوابدہ ہوں اوراس سے معافی کا طلب گار ہوں۔ اس لیے مجھے تکلیف کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میرا ضمیر مجھے اس بل پر دستخط کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے دستخط کئے بغیر بل واپس بھجوانے کے ساتھ وزیر اعظم کو ایک خط بھی ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے رجعت پسند قرار دیا ہے۔صدر مملکت نے کہا ہے کہ اس بل سے قانون کے لمبے ہاتھوں کو مفلوج کرکے بدعنوانی کو فروغ حاصل ہوگا، یہ بل بدعنوان عناصر کے لئے واضح پیغام ہے کہ وہ کسی کو بھی جوابدہ نہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ احتساب کےعمل کو کمزور کرنا خلاف آئین ہے، يہ پاکستانی عوام کے بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے ممالک وائٹ کالر کرائم پر قابو پانے کی کوششیں کررہےہیں، ایف اے ٹی ایف بھی منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے دہائیوں سےکام کررہا ہے۔آئین کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کسی بل کو منظوری ملنے کے بعد اسے صدر مملکت کو بھجوایا جاتا ہے ۔ اگر 10 روز میں صدر مملکت اس پر دستخط نہ کریں تو اس کے بغیر ہی قانون کا اطلاق ہوجاتا ہے۔اس لئے اب یہ مجوزہ بل بھی ازخود ہی کل سے منظور تصور کئے جائیں گے اور کل سے نافذ العمل ہوں گے۔

Abdullah Nadeem

کنٹینٹ رائٹر