(فہد بھٹی)شہر میں ڈاکو کا راج ، پولیس حقائق چھپانے میں مگن،شمالی چھاؤنی کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونیوالا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تو درج کرلیا، مگر ڈکیتی کی دفعات نہ لگائیں، واقعہ کو لڑائی جھگڑے کا رنگ دے دیا ۔
تفصیل کے مطابق شمالی چھاؤنی کے علاقے میں گزشتہ روز ڈاکوؤں نے کولڈ ڈرنک کارنر پر ڈکیتی کی کوشش کی۔ مزاحمت پرفائرنگ سے 22 سالہ زاہد جان کی بازی ہار گیا،مقتول کے بھائی واجد کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات وہ اپنے بھائی زاہدکےہمراہ دکان پر بیٹھا تھا۔ دو موٹر سائیکل سوارڈاکو آئے اور سگریٹ دینے کا مطالبہ کیا اور پھر اسلحہ تان لیا۔
اسی دوران زاہد ڈاکوؤں کو روکنے کیلئےآگےبڑھا تو ملزمان نے فائرنگ کردی ، جس سے زاہد شدید زخمی ہو گیا، جسے سروسزہسپتال منتقل کیا گیا، مگر جانبر نہ ہو سکا ۔ پولیس نے واقعہ کولڑائی جھگڑے کا رنگ دیکر قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، مگر ڈکیتی کی دفعات شامل نہیں کیں، متاثرین کا مطالبہ ہےکہ ڈکیتی کی دفعات شامل کرتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے ۔