عابد چودھری: شہری گھروں میں بھی غیر محفوظ، بھاٹی گیٹ میں ڈاکو گھر میں موجود بچے سے موبائل چھین کر فرار ہو گیا،سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آنے کا باوجود پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں ڈاکو راج برقرار ہے جس کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے۔ لاہور میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں۔ بھاٹی گیٹ کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات کا انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکو گھر کے ڈرائنگ روم میں بیٹھے بچے سے موبائل چھین کر فرارہو گیا۔سٹی فورٹی ٹو کو واردات کی موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شلوار قمیض پہنے ڈاکو گھر میں داخل ہوتا ہے اور ڈرائنگ روم میں بیٹھےبچے سے موبائل چھین کر پیدل ہی فرار ہو جاتا ہے۔
شہری منیر کا کہنا ہے کہ اندراج مقدمہ کے لئے پولیس کو درخواست دی مگر بھاٹی گیٹ پولیس نے سی سی ٹی وی کے باوجود واردات کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا۔
حالیہ دنوں ہی شفیق آباد میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا تھا وا قعے میں خاتون سمیت تین افراد کو زخمی بھی ہوئے تھے۔
گزشتہ دنوں ایسا ہی ایک واقعہ ماڈل ٹاؤن کچہری کےسامنے بھی پیش آیا تھا جس میں نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ مقتول کو انجم مسیح کو 4 گولیاں چہرے اور جسم پر لگی تھیں۔