لیگی رہنماؤں کی ٹائیگر فورس پر کڑی تنقید

لیگی رہنماؤں کی ٹائیگر فورس پر کڑی تنقید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمر اسلم ) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی ٹائیگر فورس پر نقید، کہتے ہیں ٹائیگر فورس کہیں پر بھی دکھائی نہیں دے رہی، اپنی ناکامیوں کو چھپانےکے لیے ٹائیگر فورس عوام کیلئے ایک اور دھوکہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی الحاج شیخ روحیل اصغر کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس عمران خان نے اپنی حفاظت کے لیے بنائی ہے، عوام کی خدمت کے لیے تو وہ کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ ایم پی اے چودھری شہباز احمد کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو ٹائیگر فورس دکھائی دے تو وہ انعام دینے کو تیار ہیں۔

خواتین ارکان صوبائی اسمبلی سمیرہ کومل اور رخسانہ کوثر کا کہنا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلا، اب ٹائیگر فورس کہیں پر بھی کسی فلاحی کام کے لیے نہیں دکھائی دے رہی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس سیاسی ایجنڈہ ہے، کورونا وائرس کے حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرنا ٹائیگر فورس کے بس کی بات نہیں۔ لیگی ایم پی اے حنا پرویز بٹ نے وزیراعظم عمران خان کو تاحیات نا اہل قرار دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔

مسلم لیگ (ن)  کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویزبٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کو اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کیلئے دباو میں لانے کی کوشش کی۔ حکومت نے ریاست کے اہم ترین ستون کی ساکھ کو مجروح کیا ہے اور یہ ایوان سپریم جوڈیشل کونسل کے ججز کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے حکومت کے مکروہ چہرے کو پوری قوم کے سامنے بے نقاب کیا ہے اور اعلیٰ عدلیہ نے آج پاکستان میں انصاف کا بول بالا کیا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ فروغ نسیم اور شہزاد اکبر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان کیخلاف اعلیٰ عدالت کے جج اور ان کی فیملی کی جاسوسی کرانے کے الزام میں تاحیات نا اہل قراردیا جائے۔