ریلوے پولیس کی قبضہ مافیا کیخلاف بڑی کارروائی

ریلوے پولیس کی قبضہ مافیا کیخلاف بڑی کارروائی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید، عرفان ملک ) پاکستان ریلوے پولیس لاہور ڈویژن کی ریلوے اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری، قبضہ مافیا کے 2 افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کر لیا گیا۔

ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ملزمان ظفرشاہ اور معراج ریلوے کی رہائشی اراضی پر پختہ اینٹوں سے مکان بنانے کی غرض سے دیوار تعمیر کر رہے تھے۔ ان کے پاس کسی بھی قسم کا کوئی اجازت نامہ موجود نہ تھا۔ ایس ایچ او تھانہ ریلوے پولیس لاہور عرفان اشرف کو محکمہ ریلوے کی جانب سے دونوں افراد کے خلاف علیحدہ علیحدہ میمو پیش کئے گئے جس پر فوری طور پر ایکشن لیا گیا ۔

ریلوے پولیس نے دونوں مقامات پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشنز کرتے ہوئے 10 مرلے ریلوے رہائشی اراضی مالیتی تقریباً 30 لاکھ روپے قبضہ مافیا سے واگزار کروالی، پختہ اینٹوں سے بنی ہوئی دیواروں کو ریلوے عملہ کی مددسے گرا کر ریلوے اراضی کو کلئیر کروایا گیا۔

دونوں مقامات پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشنز محکمہ ریلوے لاہور محمدارشد و دیگر عملہ ریلوے کی نگرانی میں کئے گئے۔ کسی بھی قسم کی ناخوشگور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے ریلوے پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن لاہور ریجن بی کی ٹیم نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ اینٹی کرپشن نے پولیس کی مدد سے 11 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری زمین ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی۔

پولیس کے مطابق آپریشن میں 31 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی اور ناجائز قابضین سے واگزار کرواکر متعلقہ محکمہ کے حوالے کر دی گئی۔ ریجنل ڈائریکٹر لاہور وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ ناجائز قابضین کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق آپریشن واہگہ اور ہربنس پورہ کے علاقے میں کیا گیا۔