حافظ شہباز علی: پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کا نیا ڈو میسٹک کرکٹ سیزن دو ماہ تاخیر کا شکار، ڈومیسٹک سیزن جولائی کی بجائے ستمبر میں شروع کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔ کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ کو نیا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن بروقت شروع کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کو نیا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن بروقت شروع کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے بعد پی سی بی نے مجوزہ ڈومیسٹک کرکٹ شیڈول کا ازسرنو جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک سیزن دو ماہ کی تاخیر سے شروع کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
جولائی میں شروع ہونے والا ڈومیسٹک سیزن اب ستمبر کے آخری ہفتے میں شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تاخیر کیساتھ ساتھ رواں سال ڈومیسٹک سیزن محدود کرنے کی تجویز پربھی غور جاری ہے۔ کورونا وائرس سے احتیاط کے طور پر سارا ڈومیسٹک سیزن دو سے تین سنٹرز پر کروانے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کورونا وائرس کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی حکمت عملی بنا رہا ہے، جس میں انٹرنیشنل معیار کے ایس او پیز کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کروانے پر بات چیت جاری ہے، ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس میں شائقین کرکٹ کو گراونڈ میں داخلے کی اجازت نہ دینے کی تجویز بھی زیرغورہے۔ ستمبر کے آغاز میں ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو گروپس ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔
دوسری جانب اکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کا کہنا تھا کہ بظاہر رواں سال کے آئی سی سی ایونٹس آئندہ سال ہوتے دیکھ رہا ہوں، خطرہ یہ ہےکہ بڑے ٹورنامنٹ میں کوئی کھلاڑی متاثر ہوا تو مشکلات پیدا ہوجائیں گی ، آئندہ تین چار ہفتے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے مستبقل حوالے سے بہت اہم ہیں۔