ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کی یقین دہانی پر ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری معطل کر دیے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔عدالتِ عالیہ نے حکم دیا ہے کہ فواد چوہدری 20 جولائی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔اپنے حکم میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری الیکشن کمیشن کی کارروائی کی مصدقہ کاپی جمع کرائیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم میں کہا کہ وارنٹِ گرفتاری کی معطلی کا آرڈر 20 جولائی کے بعد از خود غیر مؤثر ہو جائے گا۔عدالتِ عالیہ نے الیکشن کمیشن کو 26 جولائی کے لیے نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے جاری کیے گئے اپنے حکم میں کہا ہے کہ پٹیشنر کے وکیل نے بتایا ہے کہ قابلِ ضمانت وارنٹ کی تعمیل ہی نہیں ہوئی۔عدالتِ عالہ کا اپنے حکم میں کہنا ہے کہ پٹیشنر کے وکیل نے استدعا کی ہے کہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ کا حکم کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر فواد چوہدری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔فواد چوہدری نے قابلِ ضمانت، پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری کے آرڈرز چیلنج کر رکھے ہیں۔