( حسن علی ) شہرمیں آٹے کی فراہمی معمول پر نہ آ سکی، شہر کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹا نایاب، ادھر فلور ملز 20 کلو تھیلے کی بجائے 25 کلو کا تھیلا فراہم کررہی ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے طلب کے مطابق فروخت نہ ہو سکے۔ مارکیٹ کے ساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹا طلب کے مطابق فراہم نہیں کیا جا سکا۔ حکومت کی جانب سے 20 کلو تھیلے کی قیمت 860 روپے مقرر ہے لیکن فلور ملز کی جانب سے 20 کلو کے تھیلے کی بجائے 25 کلو کا تھیلا 1380 میں فراہم کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جہاں آٹا دستیاب ہے وہاں 25 کلو کا تھیلا فروخت کیا جارہا ہے جسکی قیمت زائد ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی بھی قلت کا سامنا ہے۔
دوسری جانب پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ حکومت اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر کی فلور ملز کو 17000 ٹن گندم فراہم کر رہی ہے جسکے بدلے فلور ملز 5 لاکھ 50 ہزار آٹے کے 20 کلو تھیلے پنجاب بھر میں فراہم کر رہی ہیں۔ لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی طلب اڑھائی لاکھ ہے جبکہ فراہمی 1 لاکھ 30 ہزارتھیلے ہو رہی ہے جو کہ سرکاری گندم کے کوٹے کے مطابق ہے۔
عاصم رضا کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث حالات خراب ہو رہے ہیں، حکومت طلب کے مطابق فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ فراہم کرے تو باآسانی فلور ملز طلب پوری کرسکتی ہیں۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 25 کلو کے تھیلے کا آٹا فلور ملز پرائیویٹ گندم کی پسائی کرکے مارکیٹ میں فراہم کر رہی تھی لیکن حکومت کے اعتراض کے بعد 25 کلو آٹے کی فراہمی بند ہے۔