(حافظ شہباز علی) کرکٹ شائقین کیلئے ایک اور بُری خبر آگئی، کرونا کھیل کا ایک بڑا ایونٹ نگل گیا۔آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ ملتوی کردیا۔میگا ایونٹ اکتوبر نومبرمیں آسٹریلیا میں ہونا تھا، اب ٹی20ورلڈ کپ اکتوبر 2021 میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ ملتوی کردیا، 2021 اور 2022 میں مسلسل دوسال ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس ہوں گے جبکہ ورلڈکپ 2023 چھ ماہ آگے کر دیا گیا۔
آئی سی سی ویڈیو لنک اجلاس میں ورلڈٹی ٹونٹی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلا س میں آئی سی سی مینز کے اگلے ایونٹس کے لئے ونڈوز پر دوطرفہ کرکٹ کی بحالی کی حمایت کرنے پر اتفاق کیاگیا، اجلاس میں اتفاق رائے سےآئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ اکتوبر - نومبر 2023 میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں آئندہ تین سالوں میں کرکٹ بحالی کے بہترین موقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں مسلسل دوسال مینز ٹی 20 ورلڈ کپ اکتوبر 2021 اوراکتوبر 2022 میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا، آئی سی سی بورڈ نے تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کی نگرانی جاری رکھنے اور دستیاب تمام معلومات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا،ایونٹس کے آئندہ میزبانوں کے بارے میں غور شدہ فیصلہ کیا جاسکے تاکہ کھیل کو 2021 اور 2022 میں محفوظ اور کامیاب عالمی مقابلوں کے انعقاد کے قابل بنایا جاسکے۔آئی سی سی بورڈ آئندہ سال فروری میں نیوزی لینڈ میں آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2021 کے انعقاد کے سلسلے میں بھی صورتحال کا جائزہ لینا جاری رکھے گا۔