قذافی بٹ : وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھرپور اعتماد ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ایکشن میں آگئے۔ جنوبی پنجاب کی عوام کےمسائل کےحل کےلیےعملی اقدامات کی طرف ایک اورقدم بڑھا دیا ،وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب کوجنوبی پنجاب الگ سیکرٹریٹ کے بعد انتظامی اور ترقیاتی پیکج بنانےکی ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعلیٰ کوجنوبی پنجاب کے لیے الگ پولیس سٹرکچر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کوہدایات جاری کیں کہ جنوبی پنجاب کےلیےپرائمری اور ہائر ایجوکیشن کی بھی الگ پالیسی بنائی جائے جبکہ جنوبی پنجاب کےاضلاع کو ترقیاتی فنڈز میں سےالگ خصوصی گرانٹ دینےکی بھی ہدایت کی گئی ان اقدمات کا مقصد جنوبی پنجاب میں احساس محرومی کےتاثر کو زائل کرنا ہے،اس حوالےسےمحکمہ خزانہ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سمیت تمام محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب اپنی وزارتوں سے متعلق قانون سازی اور اسمبلی بزنس میں دلچسپی نہ لینے والے وزرا کے نام طلب کر لیے۔ذرائع کے مطابق ایوان وزیر اعلیٰ نے محکمہ قانون سے ایسے وزرا کی فہرست مانگی ہے جو اپنی وزارت میں مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی میں دلچسپی نہیں لیتے۔ہ پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات کی تیاری میں بھی دلچسپی نہ لینے والے وزرا کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے ہوئے فہرست طلب کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل کیے جانے سے متعلق افواہیں زیر گردش ہیں لیکن گزشتہ روز وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھی ان افواہوں کی تردید کی تھی۔اب وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بے خوف کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے جس کے بعد عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹائے جانے کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
یادرہے ہفتہ کے روز وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کا دورہ کیا تھا ،وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی ،وزرا ،وزیر اعلیٰ سے ملاقاتیں کیں۔ قائد اعظم بزنس پارک کا افتتاح بھی کیا گیا۔