سٹی 42: اوگرا نے ایل پی جی متعین کردہ قیمت سے زائد فرخت کرنے کا نوٹس لے لیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے صارفین کو ایل پی جی کی متعین کردہ قیمت سے زائد قیمت پر فروخت کرنے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے تاکہ وہ اس معاملے کی تحقیق کریں اور متعین کردہ قیمتوں پر ایل پی جی کی فروخت کو یقینی بنائیں تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جا ئے گی۔اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیموں نے حال ہی میں لاہور اور اسلام آباد کے مختلف ایل پی جی پلانٹس کا دورہ کیا ہے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو چیک کرنے کے ساتھ حفاظتی اقدامات کا معائنہ بھی کیا ہے۔مزید برآں تمام ایل پی جی پلانٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایل پی جی کی قیمتوں کو واضح جگہ نمایاں کریں ۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ صارفین سے ایل پی جی کی متعین کردہ قیمت سے زیادہ قیمت وصول نہیں کریں گے۔ اس سلسلے میں ملک بھر کے تمام ایل پی جی پلانٹس کو تحریری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
مزید برآں، اوگرا نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ انفورسمنٹ ٹیمیں فیلڈ میں تعینات رہیں گی اور ایل پی جی کی مقررکردہ قیمتوں پر فروخت اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہیں گی۔