( شہباز علی ) بورڈ آفیشلز اور گورننگ بورڈ کے شاہانہ اخراجات، چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور گورننگ بورڈ اراکین کے اخراجات کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی جیسی بھی ہو بورڈ آفیشلز کے ساتھ ساتھ گورننگ بورڈ اراکین کی شہ خرچیاں جوں کی توں رہتی ہیں، پی سی بی گورننگ بورڈ اراکین پر 3 سال اور چار ماہ میں 2 کروڑ 42 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، موجودہ چیئرمین احسان مانی کے دور میں اب تک گورننگ بورڈ اراکین پر لگ بھگ 16 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے اخراجات کا جائزہ لیا جائے تو ان پر چار ماہ میں 34 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں، احسان مانی کے غیر ملکی دوروں پر 17 لاکھ 95 ہزار، اندرون ملک سفر پر ایک لاکھ 19 ہزار روپے خرچ ہوئے جبکہ 11 لاکھ روپے احسان مانی کی رہائش اور دیگر امور پر خرچ ہوئے۔
پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق نجم سیٹھی نے چار سالوں میں لگ بھگ 7 کروڑ جبکہ سابق چیئرمین شہریار خان نے تین سال میں 3 کروڑ 69 لاکھ روپے سے زائد کی رقم خرچ کی۔