ویب ڈیسک : وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ پاکستان 139 ممالک میں سب سے کم مہنگا ملک ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے ٹویٹر پر مہنگائی کے حوالے سے پاکستان کی ریٹنگ پوسٹ کی ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے ریٹنگ ایجنسی نمبو کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔
Pakistan ranks least costly among 139 countries of the world. pic.twitter.com/ANgh8BQAlN
— Shaukat Tarin (@shaukat_tarin) February 20, 2022
مہنگائی کے اعتبار سے 139 ممالک کے نام دیے گئے ہیں اور اس میں پاکستان کا سب سے آخری 139واں نمبر ہے۔فہرست میں برمودا، سوئزرلینڈ اور ناروے کو بالترتیب مہنگے ترین ممالک قرار دیا گیا ہے جب کہ بھارت 138 ویں، افغانستان 137ویں، نیپال 136ویں اور سری لنکا 135 ویں نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں چین 84 اور ایران 87 نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں بہت بڑا اضافہ مانگ لیا، جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے بجلی کے صارفین کی چیخیں نکل سکتی ہیں۔ نیپرا کو فی یونٹ بجلی 6 روپے 10 پیسے مہنگی کر کے صارفین پر 60 ارب روپے کا بوجھ ڈالنے کی درخواست جمع کرا دی گئی۔ نیپرا کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کی سماعت 28 فروری کو کی جائے گی۔
درخواست میں جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت 6 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ہے یعنی اگر جنوری میں 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 17 فیصد جی ایس ٹی سمیت 2141 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ درخواست کے مطابق جنوری میں کل 8 ارب 79 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس میں سے 8 ارب 42 کروڑ یونٹ بجلی ڈسکوز کو فروخت کی گئی۔
درخواست پر حتمی فیصلہ نیپرا کی سماعت کے بعد جاری ہو گا۔ بجلی مہنگی کرنے کی یہ درخواست کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کی ڈسکوز کے لیے ہے۔