(محمود ریاض) عمر اکمل کے مشکوک رابطے ان کو لے ڈوبے، پی ایس ایل فائیو سے باہرکردیا گیا، پی سی بی کے اینٹی کرپشن حکام نے عمر اکمل کے موبائل فون قبضے میں لیکر انہیں معطل کردیا.
خبروں میں رہنے کا ہنر عمر اکمل کو خوب آتا ہے لیکن اس بار پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے ہتھے چڑھ گئے ۔ عمر اکمل پر مشکوک افراد سے رابطے کا الزام ہے ۔ پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی طرف سے آج افتتاحی میچ کھیلا جانا تھا مگر اس سے قبل ہی عمر اکمل نے رات گئے بغیر اجازت پرائیویٹ پارٹی میں شرکت کی، مشکوک لوگوں سے ملاقاتیں بھی کیں،عمراکمل نے پارٹی میں غل غپاڑہ کیا، سکیورٹی کے لوگوں سے بھی بدتمیزی کی گئی. جس کےبعد پی سی بی کے بڑوں کی رات گئے مقامی ہوٹل میں میٹنگ ہوئی۔میٹنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر نےبھی شرکت کی اور ان کو اعتماد میں لیا گیا.
ذرائع کے مطابق پی سی بی اینٹی کرپشن نے عمراکمل سے تحقیقات کیں, جس کے بعد ان کے موبائل فرانزک کے لئے قبضے میں لے لیے، ابتدائی تحقیقات میں الزام ثابت ہونے پر معطل کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کردیا ہے، لہٰذا پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ فی الحال تحقیقات جاری ہیں لہٰذا پی سی بی اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔ اس دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایچ بی ایل پی ایس 2020 کے لیے عمر اکمل کے متبادل کا انتخاب کرنے کی اجازت ہوگی۔
عمر اکمل اس سے پہلے بھی کئی کافی تنازعات کا شکار رہے۔ 2015 میں ہیڈ کوچ وقاریونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو دی گئی اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ عمراکمل اور احمد شہزاد کے غیرسنجیدہ ہیں۔ ان پر محنت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ عمراکمل نے ایک پریس کانفرنس میں مکی آرتھر پر مبینہ طور پر نامناسب زبان میں گفتگو کا الزام عائد کردیا جس کی مکی آرتھر نے تردید کی۔لاہور قلندر کے کپتان برینڈن مکلم ے عمراکمل کو ایک پیچیدہ شخص قرار دے دیا اور کہا کہ ان میں ٹیلنٹ ضرور ہے لیکن ان کے ساتھ مسائل بھی بہت ہیں۔عمراکمل کو نومبر 2015 میں حیدرآباد میں ایک ڈانس پارٹی کے دوران پولیس حراست میں لے کر تھانے لی گئی تھی تاہم بعدازاں انھیں اس واقعے میں کلیئر کردیا گیا تھا۔ اپریل 2016 میں عمراکمل فیصل آباد میں ایک اسٹیج ڈرامہ دیکھنے کے دوران تھیٹر کی انتظامیہ سے جھگڑے کے سبب شہ سرخیوں میں آئے تھے۔ عمراکمل دو مرتبہ لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک وارڈن سے بھی الجھ چکے ہیں۔