توشہ خانہ کیس؛ شاہی جیولری کی قیمت کا جعلی تخمینہ لگانے والا وعدہ معاف گواہ بن گیا

Tosha Khana Case, City42, NAB, Prosecution's case, Saudi Crown Prince, Precious gifts, Graf Gifts
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف دائر توشہ خانہ ریفرنس میں گراف جیولری گفٹ کی قیمت کا تخمینہ لگانے والا صہیب عباسی وعدہ معاف گواہ بن گیا۔
 سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف دائر توشہ خانہ ریفرنس کے نکات سامنے آگئے،نیب ریفرنس کے مطابق گزشتہ سال یکم اگست کو چیئرمین نیب نے توشہ خانہ ریفرنس پر تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دیئے،گزشتہ سال 5 اگست کو ڈی جی نیب نے توشہ خانہ ریفرنس پر تحقیقات شروع کیں،تقریباً گیارہ ماہ کی تفتیش کے بعد 14 جولائی کو توشہ خانہ کی تحقیقات باقاعدہ جرم کی تفتیش میں تبدیل ہوئیں۔
نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ بطور وزیراعظم سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے غیرملکی سربراہان سے 108 تحائف حاصل کئے، 108 میں سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے،بانی پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا۔

سعودی پرنس کی دی ہوئی جیولری توشہ خانہ پہنچی ہی نہیں

ریفرنس میں مزید کہا گیاہے کہ توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنا لازم ہیں،دوران تفتیش معلوم ہوا بشریٰ بی بی کو سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا،جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کروایا گیا،بشریٰ بی بی اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف وزری کی۔

قیمتی شاہی جیولری کی توشہ خانہ میں غلط  ایویلئیوایشن
ریفرنس میں انکشاف کیا  گیا ہے کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے اتھارٹی کا استعمال کرتے ہوئے جیولری سیٹ کی من پسند قیمت لگوائی،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ کے عوْْْْض صرف  90 لاکھ روپے رقم کی ادائیگی کی۔  توشہ خانہ تحقیقات سے معلوم ہواکہ قیمت کا اندازہ لگانے والے پرائیویٹ فرد سے لگوائی گئی جیولری سیٹ کی قیمت انتہائی کم تھی، بعد ازاں تحقیقات کے دوران نیب کی جانب سے جیولری سیٹ کی اصل قیمت لگانے کیلئے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیاگیا۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس گراف جیولری گفٹ پر دائر کیا گیا ،گراف جیولری گفٹ کی قیمت کا جان بوجھ کر از حد کم تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی وعدہ معاف گواہ بن گئے،وعدہ معاف گواہ نے بیان میں کہا ہے کہ دباؤ میں آ کرگراف جیولری گفٹ کی کم قیمت لگائی، صہیب عباسی کی خدمات پرائیویٹ طور پر  حاصل کی گئی تھیں۔