نیوزی لینڈ ٹیم کا آئندہ سال پاکستان کے دورے کا اعلان

نیوزی لینڈ ٹیم کا آئندہ سال پاکستان کے دورے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستا ن میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلےگی، جس کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اپریل 2023 میں پھر پاکستان آئے گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں 10وائٹ بال میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی، پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سینیڈن کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان دورے کو حتمی شکل دی گئی۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز، جبکہ دوسرے دورے میں 5 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں شامل دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے جب کہ دوسرے دورے میں مہمان ٹیم کو پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔دونوں بورڈز اب دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دیں گے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ مارٹن سینیڈن اور ان کے بورڈ کے شکر گزار ہیں، وہ ان سے ہونی والی ملاقاتوں کے نتائج پر بھی بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بورڈز کے مضبوط تعلقات کی ضمانت اور اس بات کی تصدیق ہے کہ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ اور مارٹن سینیڈن کی دبئی میں نتیجہ خیز اور تعمیری گفتگو ہوئی جس سے دونوں بورڈز کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

واضح رہے  رواں سال ستمبر میں نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان آئی تھی، اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیوں کے مابین 18 سال بعد پاکستان میں میچ ہونے جا  رہا تھا۔ تاہم  نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی تھی۔