( علی اکبر ) وزیر اعظم کے گھر کے قریب اساتذہ پر تشدد کی گونج پنجاب اسمبلی تک پہنچ گئی، پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی ممتاز خان چانگ نے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرا رداد جمع کروا دی۔
تفصیلات کے مطابق مذمتی قرارداد پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی ممتاز علی چانگ کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ جمع ہونیوالی قرارداد میں بنی گالا میں اساتذہ پر ہونیوالے تشدد کی مذمت کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کے معزز اساتذہ اپنے حقوق کے لئے پُر امن احتجاج کر رہے تھے، لیکن اُن پر تشدد کیا گیا اور اُنہیں گرفتار کیا گیا۔ قراداد میں مذکور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے گرفتار اساتذہ کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے بنی گالا جانے کی کوشش پر پولیس کی جانب سے اساتذہ کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا گیا تھا۔ اساتذہ کا موقف تھا کہ وہ 2014 میں این ٹی ایس کا امتحان دینے کے بعد کنٹریکٹ پر بھرتی ہوئے لیکن اب چھ سال نوکری کے بعد دوبارہ پبلک سروس کمیشن کا امتحان دینے کا کہا جا رہا ہے، ہمیں بغیر کسی مزید امتحان کے مستقل کیا جائے۔