ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سردی میں اضافہ، سی این جی و صنعتی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند

سردی میں اضافہ، سی این جی و صنعتی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہد ندیم سپرا) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے  پنجاب میں صنعتی و سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند کردی، گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کرنے کے لیے 700 ملین کیوبک فٹ اضافی گیس سسٹم میں شامل کر لی گئی۔

سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کے 400 کنکشنز منقطع

ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے سی این جی اسٹیشنز اور صنعتی صارفین کے 400 کنکشن منقطع کردیئے، وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں گیس بند کی گئی ہے تاکہ گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جا سکے۔

سوئی گیس ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز سوئی ناردرن گیس کمپنی سہیل گلزار نے کہا کہ سردی میں اضافے کی وجہ سے گیس کا استعمال بڑھ گیا ہے، صارفین سے گزارش ہے کہ کھانا پکانے کے لیے گیس کا استعمال کریں جبکہ گیزر کو ضرورت کے وقت چلا کر پھر بند کردیں۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کی ڈیمانڈ 1500 ملین کیوبک فٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ زیر زمین نیٹ ورک بوسیدہ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں کم پریشر کی شکایات مل رہی ہیں، تاہم کمپنی کی ٹیمیں ان شکایات کا حل نکالنےکی کوشش کر رہی ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی حکام کے مطابق کمپریسر کے استعمال کی وجہ سے بھی گیس پریشر کے ایشوز سامنے آرہے ہیں، تاہم کمپیریسر استعمال کرنے والوں کے کنکشن تین ماہ کے لیے منقطع رہیں گے۔

مرکزی چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن کا سیکرٹری توانائی کو خط

دوسری جانب مرکزی چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن نے وفاقی سیکرٹری برائے انرجی کوخط لکھ دیا، خط میں لکھا ہےکہ سی این جی سیکٹر آرایل این جی استعمال کرتا ہے اور اسکی 100فیصد ادایئگیوں کو یقینی بناتا ہے، اس لیے ایسے سیکٹر کو گیس کی فراہمی معطل کرنا احمقانہ فیصلہ ہے.خط میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی جاری رکھنے کا مطالبہ کیا گیا۔

Sughra Afzal

Content Writer