مال روڈ (راؤ دلشاد)وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے ٹک ٹاکر لڑکی عائشہ اکرم سے غیر اخلاقی حرکات کرنیوالوں کو مینار پاکستان پر عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعظم کےمعاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے مینار پاکستان واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 400 افراد میں سے ایک بھی انسان نہیں تھا ، نور مقدم اور مینار پاکستان میں عائشہ اکرم کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان انصاف کیلئے کردار ادا کریں، لڑکی سے غیر اخلاقی حرکات کرنیوالوں کو اسی مقام پر عبرت ناک سزا دی جائے۔
معاون خصوصی وزیراعظم مولانا طاہر اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو نشان عبرت بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کیا جائے، قوم کی بیٹیوں کے ساتھ ناروا سلوک شرمناک فعل ہے، جلد انصاف دلانے کیلئے قانون سازی کرنی پڑے تو پارلیمنٹ کردار کرے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے بیٹی کو خوشخبری سے عبارت کیا ہے، ایسے واقعات نے مسلمانوں اور پاکستان کا چہرہ مسخ کیا۔
واضح رہےکہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر لڑکی ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ پیش آیا،سینکڑوں نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لڑکی کے کپڑے پھاڑ دیئے، ٹک ٹاکر کو ہوا میں اچھالتے رہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے اعلیٰ حکام حرکت میں آگئے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئےملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔