لاہور شہر پانی پانی، وزیراعلیٰ برہم ہوگئے

لاہور شہر پانی پانی، وزیراعلیٰ برہم ہوگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا اسلام آباد سےانتظامیہ اور واسا حکام سے رابطہ، نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

لاہورمیں سات گھنٹوں تک جاری رہنےوالی تیز بارش سےجل تھل ایک ہوگیا، سڑکیں ندیاں، چوک چوراہے تالاب بن گئے،گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں خراب ہونے سے شہری سڑکوں پررل گئے.وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ سے رابطہ کیا اور کہا کہ بارش کے پیش نظر پیشگی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟؟ بارش ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے مگر تاحال پانی جمع ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ واسا حکام مرکزی شاہراؤں کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی پر توجہ دیں اور افسران اپنی نگرانی میں نکاسی آب کا عمل مکمل کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں، نکاسی آب کا عمل فوری توجہ کا متقاضی ہے اور غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی نے ہربنس پورہ میں چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے ہدایت کی ہے۔