( سٹی 42 ) محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، یوم عاشور 30 اگست بروز اتوار کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی صدارت میں ہوا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق یکم محرم الحرام 1442 ہجری جمعہ 21 اگست جبکہ یوم عاشور (10 محرم) اتوار 30 اگست کو ہوگا۔
دوسری جانب سی سی پی او ذوالفقار حمید نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ امن و امان کی کمیٹی میں تمام پہلوؤں پرغور کیا گیا ہے۔ شہر میں 650 جلوس 5000 سے زائد مجالس ہوتی ہیں جن کے لیے 15000 سے زائد نفری ہوگی۔ ٹریفک کے معاملات علیحدہ سے دیکھے جائیں گے جس کے لیے ٹریفک پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کی تعیناتی بھی کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر تمام معاملے پر ایف آئی اے نظر رکھے گی۔ سی سی پی او نے مزید بتایا کہ کورونا ایس او پی پر امن کمیٹی کے ممبران نے اتفاق کیا ہے جبکہ زبان بندی کے حوالے سے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے حکومت پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مرکزی جلوس کے راستے میں موبائل فون سروس بھی بند رکھنے کا فیصلہ زیر غور ہے۔