ویب ڈیسک: اسلام آباد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ 4 اور 5 مئی کو بلاول بھٹو زرداری گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 2016 کے بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیرخارجہ ہوں گے۔ترجمان نے بتایا کہ ممبر ڈیزاسٹر اتھارٹی آج شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ورچوئل شرکت کر رہے ہیں، وفاقی وزیرماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے دہلی میں ہونے والے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی، ان کے ساتھ ڈی جی نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی نے بھی ورچوئل شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورہ بھارت کے لیے ہماری تیاری جاری ہے، دورہ بھارت پر میڈیا کی شرکت کے لیے بھی رہنمائی کریں گے۔دوسری جانب بھارت میں رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت نہ جانےکا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق خواجہ آصف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ورچوئل شرکت کریں گے، خواجہ آصف کو وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔