ویب ڈیسک: دنیا کے کئی ممالک میں سورج کو گرہن لگنا شروع ہوگیا البتہ پاکستان اور بھارت میں نظر نہیں آ سکتا۔
یہ ہائبرڈ سورج گرہن آسٹریلیا، جنوبی مشرقی ایشیا، بحر الکاہل، بحر ہند اور انٹار کٹیکا کے کچھ حصوں میں دیکھا جائے گا۔سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر 34 منٹ پر ہوا، صبح 9 بج کر 17 منٹ پر سورج گرہن عروج پر ہوگا۔
ہائبرڈ سورج گرہن کا اختتام 11 بج کر 59 منٹ پر ہوگا، سورج گرہن کے دوران ہی نئے چاند کی پیدائش ہوگی۔
ہائبرڈ سورج گرہن سے مراد ایسا گرہن ہوتا ہے جو نہ تو جزوی ہوتا ہے اور نہ ہی مکمل۔یہ گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین سے اتنے فاصلے پر ہوتا ہے کہ یہ سورج کو پوری طور پر چھپا لے، لیکن جب یہ حرکت کرتا ہے تو یہ دنیا سے دور ہوتا جاتا ہے اور پورے سورج کو نہیں چھپا پاتا۔ یعنی زمین کے کچھ حصوں پر مکمل سورج گرہن کا نظارہ ہوگا اور دیگر میں یہ جزوی نظر آئے گا۔
ایسے غیر معمولی ہائبرڈ سورج گرہن صدی میں چند بار ہی ہوتے ہیں، درحقیقت 2013 کے بعد پہلی بار اس طرح کے گرہن کا نظارہ ہوگا۔خیال رہے کہ سورج گرہن کو براہ راست دیکھنا بینائی کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔