ویب ڈیسک:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج رات سماجی میڈیا پر قوم سے براہِ راست گفتگو کریں گے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا پوری قوم اپنی آزادی و خود مختاری کیلیے یکجا اور متحرک ہے،21 اپریل کو مینارِ پاکستان پر پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کرینگے، انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کا موقع دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔
منگل کے روز عمران خان کی زیرِصدارت پی ٹی آئی کا اہم اجلاس ہوا،جس میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
علاوہ ازیں عمران خان نے خوددار جوان خوددار پاکستان مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ،انھوں نے کہا خوددار پاکستان کی جنگ خوددار نوجوانوں کی مدد سے لڑیں گے۔
عمران خان نے عثمان ڈار کو نوجوانوں کے لیے مہم لانچ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا نوجوان میری تحریک کا کلیدی حصہ ہوں گے، نوجوانوں باشعور ہیں اور اچھے برے میں فرق سمجھ چکے ہیں۔