علی اکبر: پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ(ن) کا حکومت سے فوری کورونا ویکسین خریدنےکامطالبہ ،مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بزدار انتظامیہ چار ماہ سے ”ویکسین ویکسین “کھیل رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہناہے کہ بزدار انتظامیہ گزشتہ 4ماہ سے”ویکسین ویکسین “کھیل رہی ہے،4 ماہ میں صرف چین سے آئی ویکسین ہی پنجاب میں پہنچ سکی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر چین ہم پر یہ مہربانی نہ کرتا تو عثمان بزدار حکومت ایک بھی شہری کو ”اپنےپلےسے“ ویکسین لگانےکی اہل نہیں ہے، پنجاب میں سب سے زیادہ ہیلتھ ورکرز کوروناکا شکار ہوئے لیکن پنجاب حکومت ابھی تک 20فیصد ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ویکسین نہیں لگاسکی۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے چین سے آئی زیادہ ویکسین من پسند افراد کو لگادی ہے، پنجاب کی11 کروڑ آبادی ہےلیکن پنجاب میں”اونٹ کے منہ میں زیرے کےبرابر“ویکسین لگی ہے، پنجاب حکومت نے کورونا ویکسین لگانےکےلئےگاڑیاں تو خرید لی لیکن ویکسین کب خریدیں گے؟ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورڈاکٹر یاسمین راشد ڈبلیو ایچ او سے میڈل لینےکے چکر میں نمائشی انتظامات کررہےہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے،رمضان بازاروں میں چینی کے2کلو کےحصول کےلئے شہریوں کی لمبی قطاریں اس کا واضح ثبوت ہے، پنجاب حکومت کورونا کیسز کا پھیلاؤ روکنے میں ناکام رہی ہے۔