سٹی42:ایل ڈبلیو ایم سی نے اپنی نااہلی کا ملبہ شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر ڈال دیا، شہر میں کئی دن سے کوڑے کے ڈھیر ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کو منہ چڑانے لگے ۔
ذرائع کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی نے حالیہ شہر کی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر زیادہ تر مشینری آف روڈ کردی ۔ شہر کے پوش علاقے گلبرگ میں کوڑے کی ابتر صورتحال ہے جبکہ علاقے میں کوڑے کے باعث تعفن پھیل رہا ہے۔
شہر کے بیشتر علاقوں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا نہ جاسکا جبکہ وزیراعلی کی متعدد وارننگ کے بعد بھی مربوط میکنیزم نہ بن سکا۔ ایل ڈبلیو ایم سی آئندہ تین سال کے لئے صفائی ٹینڈر جاری کرکے خاموش تماشائی بن گئی۔ ممکنہ بارش کے پیش نظر علاقوں میں موجود کوڑا کیچڑ میں تبدیل ہوجائے گا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش ہوتی رہی بارش کے بعد شہر میں جگہ جگہ پڑے کوڑے کے ڈھیر سے بدترین تعفن اٹھنے سے شہری پریشان ہیں لیکن ایل ڈبلیو ایم سی نے شہر میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر پر انوکھی منطق دیتے ہوئے اپنی نااہلی کا ملبہ ناصرف شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر ڈال دیا بلکہ حالیہ صورتحال کا فائدہ اٹھا کر زیادہ تر مشینری آف روڈ کردی۔