حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب

TLP, Govt
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب، فریقین میں4 نکات پر اتفاق  ہوگیا، حکومت  فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد آج  قومی اسمبلی میں پیش  کرے گی، اگر قومی اسمبلی نے منظوری دی تو فرانسیسی سفیر کو نکال دیا جائے گا،تمام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور تمام کارکنان کی رہائی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومتی کمیٹی کے مذاکرات کے تین دور ہوئے تھے جس میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے اور شیخ رشید کے استعفے کے حوالے سے ڈیڈ لاک برقرار تھا، کالعدم ٹی ایل پی سے ہونے والےمذاکرات کے پہلے دو ادوار میں حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور ،صوبائی وزیرقانون محمد بشارت راجہ، وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے مذہبی امور علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی شریک ہوئےجبکہ مذاکرات کے تیسرے طویل  دور میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، ٹی ایل پی کی جانب سے شفیق امینی، ظہیرالحسن شاہ اور مجلس شوری کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران تحریک لبیک نے شیخ رشید کے استعفی، سربراہ مولانا سعد رضوی اور گرفتار کارکنوں کی رہائی، مقدمات کے خاتمے اور فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا، حکومتی وفد نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے لیکن فرانس کے سفیر کی ملک بدری اور شیخ رشید کو وزیر داخلہ کے عہدے سے ہٹانے سے انکار کردیا، حکومت نے تحریک لبیک کو یقین دہانی کرائی کہ فرانس کے معاملے پر قومی اسمبلی میں قرارداد جلد پیش کردی جائے گی جب کہ گرفتار کارکنوں اور سربراہ کو رہا کردیا جائے گا جس پر  ٹی ایل پی نے ملک بھر سے دھرنے ختم کرکے صرف لاہور کا مرکزی دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی مذاکرات کامیاب ہونے کی تصدیق کردی، شیخ رشید نے  اپنےویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور تحریک لبیک کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد یہ بات طے پا گئی ہے کہ ہم آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے اور تحریک لبیک لاہور میں مسجد رحمۃ العالمین ﷺ سمیت ملک بھر سے دھرنے کو ختم کرے گی اور بات چیت اور مذاکرات  کا سلسلہ آگے بڑھایا جائےگا اور جن لوگوں کے خلاف فورتھ شیڈول سمیت مقدمات درج ہیں ان کا بھی اخراج کیا جائے گا ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  میں اس سلسلہ میں تفصیلی بیان آج شام یا کل پریس کانفرنس میں دوں گا۔

Sughra Afzal

Content Writer