(عرفان ملک)سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید، ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد، ایس پی ہیڈکوارٹرز جمیل ظفر اور تمام ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مولانا محمد علی نقشبندی، آغا شاہ حسین قزلباش، مولانا فصیح الدین سیف اور پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی سمیت 80 سے زائد علمائے کرام نے بھی خصوصی شرکت کی، اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں رمضان المبارک کے دوران علمائے کرام سمیت ہم سب کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، تمام شعبہ ہائے فکر کے علمائے کرام عبادات کے حوالے سے وفاقی حکومت کی 20 نکاتی ہدایات پرعمل کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پچاس سال سے زائد، چھوٹی عمر اور بیمار افراد عبادت گاہوں میں نہ آٰئیں، علمائے کرام مسلمانوں کو کورونا وائرس کے خطرات اور احتیاط بارے آگاہی دینے کےلئے منبر استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ افضل ترین عمل اپنی اور دوسروں کی جان بچانا ہے،جبکہ کورونا کی وجہ سے سیل کئے گئے علاقوں میں رمضان المبارک کے دوران بھی مساجد اور عبادت گاہوں میں عبادت کی اجازت نہیں ہوگی، مساجد میں دوران عبادت کورونا ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا رمضان المبارک میں علمائے کرام قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور روا داری کا ثبوت دیں، رمضان المبارک میں عبادت گاہوں میں افطاری، سحری اور اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا سیکورٹی خدشات کے پیش نظر رمضان المبارک میں پولیس کے ساتھ مسجد انتظامیہ کے رضاکار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ انہوں نے علمائے کرام سے کہا کہ تمام اختلافات اور تنازعات سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے حل کئے جائیں گے، بعدازاں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے ممبران نے کورونا وائرس کے دوران لاہور پولیس کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔