سٹی42: عوامی جمہوریہ چین میں جدید فضائی وارفئیر کی مشقوں شاہین-10 میں شرکت کے بعد پاک فضائیہ کے جانبازوں کا دستہ وطن واپس پہنچ گیا۔
پاک فضائیہ کے دستے میں شامل جے-10 سی اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں، لڑاکا پائلٹس، ایئر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی گراؤنڈ عملے نے مشق میں بھرپور شرکت کی۔ ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ شاہین 10 مشق، دونوں اتحادی ممالک کی جانب سے حقیقت پر مبنی عصر حاضر کی فضائی جنگ کے تناظر میں باہمی کاروائیوں کی توثیق کا زریعہ ہے۔
شاہین-10 مشق، شاہین فضائی مشقوں کی سیریز میں 10ویں مشق تھی۔ پاکستان اور چین ہر سال باری باری شاہین فضائی مشق کی میزبانی کرتے ہیں۔
پاک فضائیہ اور پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے مابین فضائی مشقوں میں شراکت کا سلسلہ ایک پائیدار شراکت داری کا مظہر ہے۔ شاہین 10 مشقوں سے دونوں ائیرفورسز کو باہمی تعاون پر مبنی، جنگی بصیرت اور تربیتی اسباق کے تبادلے میں مدد مل رہی ہے۔ ان مشقوں کا دونوں فضائی افواج کے جنگی عملے کے مابین مشترکہ کاروائیوں کے فروغ میں اہم کردار ہے۔
پاک فضائیہ کے عملے کی مہارت اور جے-10 سی و جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی زبردست جنگی صلاحیتوں کی بدولت پاک فضائیہ کے پائلٹس نےمشق میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ شاہین 10 فضائی مشقوں میں کامیاب شرکت، پاک فضائیہ کے مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے عزم کا ثبوت اور پاک فضائیہ کی جانب سے فضائی جنگ کے حوالے سے رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے تناظر میں اہلکاروں کی آپریشنل تربیت کے عزم کا اظہار ہے۔