(حافظ شہباز علی) ڈومیسٹک کرکٹ فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کویڈ 19 ٹیسٹنگ کی رپورٹ جاری، چھ ٹیموں کے 102 کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کا مسلسل دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آگیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے قبل کھلاڑیوں کی دوسری کویڈ ٹیسٹ رپورٹ کی تفصیلات جاری کردیں۔ بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر نے کویڈ19 پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔دونوں کوچز کو مزید 5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے،دونوں کوچز اس دوران 2 کویڈ 19 ٹیسٹ کی فیس خود ادا کریں گے۔
ادھر وکٹ کیپر کامران اکمل کا پہلا ٹیسٹ منفی آگیا تھا۔انہوں نے تاخیر سے ببل میں جانے کی درخواست کی ہے۔ اب وہ 24 ستمبر کو کیمپ جوائن کریں گے۔ان کا دوسرا ٹیسٹ 23 ستمبر کو ہوگا۔چھ ٹیمیں آج سے ملتان کے بائیو سیکیور ببل میں چلی جائیں گی۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق بائیو سیکیور ببل میں ان کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو ملنے جلنے کی آزادی ہوگی، تمام سکواڈز کل سے اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغاز کردیں گے، یہ سکواڈز ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور ملتان ہائی پرفارمنس سنٹر میں ٹریننگ کریں گے۔