(پنجاب حکومت کا یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو بیل آوٹ پیکج کے نام پر قرضہ دینے کا انکشاف، حکومت یونیورسٹی پانچ سال کیلئے سود پر 30 کروڑ روپے قرضہ دے گی۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ایک نئی مشکل سے دوچار ہو گئی ہے، حکومت نے یونیورسٹی کے مالی بحران کو ختم کرنے کی بجائے مزید قرضے تلے دبانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ حکومت نے اپنی ہی سرکاری یونیورسٹی کو گرانٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو پنجاب حکومت گرانٹ کی بجائے 30 کروڑ روپے قرضہ دے گی۔ پنجاب حکومت 30 کروڑ روپے مالیت کا قرضہ پانچ سال کی مدت کیلئے دے گی۔ یو ای ٹی کو ہر سال قرض کی رقم حکومت کو واپس کرنا ہوگی۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ایک ارب روپے کی مقروض ہو چکی ہے۔
حکومت بیک آؤٹ پیکج پلان کے نام پر یو ای ٹی کو پنجاب حکومت 0.25 فیصد شرح سود پر قرض دے گی۔ حکومتی گرانٹ نہ ملنے سے یو ای ٹی کو دو ارب روپے تک بجٹ خسارہ ہے اور یونیورسٹی اس سے پہلے مختلف بینکوں کی مقروض ہے۔ مالی بحران کے باعث یونیورسٹی کو اساتذہ و ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔