(سعید احمد سعید) پی آئی اے کے سعودی عرب کی پروازوں میں اضافی کرائے وصولی کی شکایات، پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے سخت ترین ایکشن لینے کی ہدایات جاری کر دیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافروں کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں ہیں کہ کچھ ایجنٹس اور عناصر نے زیادہ طلب سے فائدہ اٹھا کہ اضافی کرایہ وصول کرنا شروع کردیا، پی آئی اے کا کرایہ بشمول تمام ٹیکسزکے 84 ہزارروپے ہے، پرانے ٹکٹس کی ان پروازوں پر ری اکاموڈیشن صرف 100 ڈالر ادا کرکے کروائی جاسکتی ہے، کوئی بھی ایجنٹ چار سے پانچ ہزار سے زائد کمیشن وصول نہیں کرسکتا جو کہ 84ہزار کے کرائے میں شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری ٹکٹ کے پیسے اس سے زیادہ ادا نہ کریں اور اگر اس سے زیادہ کوئی طلب کرتا ہے تو فورا پی آئی اے کو رپورٹ کریں۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے مسافروں کی سہولت کیلئے 28 مزید پروازوں کی اجازت طلب کر رکھی ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے انتظامیہ مسلسل سعودی حکام سے رابطے میں ہے۔سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے پاکستان میں سعودی سفیر سے ملاقات کرکے اجازت کی استدعا بھی کی ہے، ایک یا دو دن تک اجازت ملنے کے بعد نشستیں آرام سے دستیاب ہوں گی۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی،سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق اندرون ملک آنے اور جانے والی پروازوں میں کورونا ایس او پیز فالو نہیں کئے گئے، پاکستان میں کورونا وباء کم ہوئی ہے مگر ابھی ختم نہیں ہوئی، تمام مسافر فضائی سفر کے دوران ماسک پہن کر رکھیں گے، مسافروں کو سیٹوں پر بٹھانے کے دوران سوشل ڈسٹنسنگ کو مدنظر رکھا جائے گا۔
ایڈوائزری کے مطابق تمام مسافروں کے سیٹوں پر بیٹھنے کے بعد کیبن کریو لیڈر، کیپٹن تصویر لینگے جو بعد میں ائیرپورٹ انتظامیہ کو جمع کروائی جائے گی، مسافروں کے اخراج کے وقت بھی سوشل ڈسٹنسنگ کو مدنظر رکھا جائے گا۔