مال روڈ (علی اکبر) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ کسان ملک کا اہم 88 فیصد طبقہ ہے ان کو سہولیات دینا پورے ملک کے فائدے میں ہے، ہم نے اپنے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم رقبے والے کسانوں پر ٹیکس معاف کیا جس سے 88 فیصد طبقہ کو فائدہ ہوا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کی زراعت پر سپیشل کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام جماعتوں کے ارکان اسمبلی ملک ندیم کامران، ملک محمد احمد خان، ساجد خان بھٹی، احمد علی اولکھ، سید عثمان محمود، میاں شفیع محمد، میاں مناظر علی رانجھا، راجہ یاور کمال، نوابزادہ وسیم خان، مس سونیا کے علاوہ سیکرٹری زراعت ڈاکٹر واصف خورشید، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے شرکت کی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ کسان ملک کا اہم 88 فیصد طبقہ ہے ان کو سہولیات دینا پورے ملک کے فائدے میں ہے، ہم نے اپنے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم رقبے والے کسانوں پر ٹیکس معاف کیا جس سے 88 فیصد طبقہ کو فائدہ ہوا، کسانوں کو بلاسود قرضے دئیے، آبیانہ کا فلیٹ ریٹ مقرر کیا، پہلی دفعہ پانی چوری ختم ہوئی، نہ صرف پانی چوری کی سزا بڑھائی بلکہ ٹیلی میٹری نظام کے فروغ اور ہر یوسی میں لیزر لیولر دئیے تاکہ پانی کم استعمال ہواور پیداوار بڑھے، تونسہ بیراج کی مرمت و بحالی کے علاوہ مختلف علاقوں میں بیراج بنائے، نہروں کی لائننگ کی، ساڑھے چار سو کلومیٹر پکے کھالے بنائے تاکہ ٹیل تک پانی پہنچے۔
رکن اسمبلی میاں مناظر علی رانجھا نے کہاکہ پوٹھوہار کے علاقے میں ڈیم بنائے جائیں اوربارشوں کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے، چودھری پرویز الٰہی کے وزارت اعلیٰ کے دور کی تقلید کرتے ہوئے آبیانے کا فلیٹ ریٹ مقرر کیا جائے اس سے ریونیو بڑھے گا۔
بعد ازاں سپیکر نے سیکرٹری زراعت ڈاکٹر واصف خور شید کو ہدایت کی کہ زراعت سے متعلقہ مسائل کے بارے میں ایک ہفتہ میں بریفنگ تیار کی جائے۔