قیصر کھوکھر: چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے تمام محکموں کو فوری طور پر اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا ٹاسک دیا ہے ۔
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹا اور چینی کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے صوبہ میں 171سہولت بازاروں کو فعال کر دیا گیا ہے ،جبکہ25اضلاع میں ان کی جیو ٹیگنگ کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ بات چیف سیکرٹری کی زیر صدارت پرائس کنٹرول سے متعلق اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔اجلاس میں صنعت، زراعت، خوراک اور دیگر متعلقہ محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر اورایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے شرکت کی ،جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سہولت بازار قائم کرنے کا مقصد عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرائس کنٹرول سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لیتے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں سہولت بازاروں کی تعداد کو بڑھایا جائے اور وہاں آٹا اور چینی سمیت اشیاء خورونوش کی رعائتی نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے گریڈ 17 کے متعدد افسران کا تبادلہ کردیا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لاہور کا بھی تبادلہ کر دیا گیاہے ،تبادلوں کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نےنوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پی ایس او ٹو ڈی سی لاہور عاصم سلیم کا تبادلہ کر دیا گیا۔ عاصم سلیم کی خدمات محکمہ ایکسائز کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔صفدر حسین ورک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لاہور کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ صفدر حسین ورک کی خدمات سیکر ٹری فوڈ کے حوالے کی گئی ہیں۔سیف الرحمن ، صابر حسین شاہ ، احمد رضا سرا ، الطاف انصاری کی خدمات بھی محکمہ فوڈپنجاب کے حوالے کر دی گئی ہیں۔