قذافی بٹ : کیپٹن ریاٹائرڈ محمد صفدر کی کراچی میں گرفتار ی پر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان بھی میدان میں آگئے،کہتے ہیں کہ مزارقائد کی دانستہ بےحرمتی کا منطقی انجام کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کی گرفتاری ہی تھا،ہمارا مطالبہ ہےکہ بیگم صفدراعوان کوبھی بانی پاکستان کےمزار کی بے توقیری پر گرفتار کیا جائے۔
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نےکیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئےکہا کہ بیگم صفدر اعوان نےعدالتوں اور عوام سےذلت و رسوائی ملنےکے بعد اپنا،اپنے والد اورخاندان کا نام "ووٹ" رکھ لیا ہے،انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کوعزت دینے کا واویلا کرنے والی مزار قائد کی بےتوقیری کو باعث اطمینان جان رہی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بیگم صفدر اعوان کو مزار قائد پرعاجزی سے پاکستان کولوٹنےاور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کےنظریات پروان چڑھانے پر معافی مانگنی چاہیےتھی، فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پوری قوم منتظر تھی کہ شاید تقریرسے پہلے بیگم صفدراعوان اپنےاس فعل پرشرمندہ ہوکرمعافی مانگیں گی،،لیکن بیگم صفدر اعوان کو رتی برابر ندامت نہیں ہوئی۔
یاد رہے سندھ پولیس نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے الزام میں مریم نوازشریف ،ان کے شوہر کیپٹن ریائرڈ صفدر اور دیگر 200 ن لیگی کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کیپٹن صفدر کو صبح سویرے مقامی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کر لیاہے ۔