(علی اکبر) صوبائی وزیر چودھری ظہیرالدین خان نے میاں حمزہ شہباز شریف کا نیا نام متعارف کروا دیا۔ دوران اجلاس حمزہ کشمیری کے نام سے پکارتے رہے۔ جبکہ نو منتخب رکن اسمبلی صممام علی بخاری نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے زیر صدارت اجلاس میں چودھری ظہیرالدین خان حمزہ شہباز شریف کو میاں حمزہ کشمیری کے نام سے پکارتے رہے، جبکہ دوران اجلاس ڈپٹی سپیکر کی جانب سے نو منتخب رکن اسمبلی صممام علی بخاری اور سیدہ زہرا سے ان کی رکنیت کا حلف بھی لیا گیا۔
دوران اجلاس اپوزیشن کی جانب سے دو بار کورم کی نشاندہی کی گئی تاہم کورم پورا ہونے پر اجلاس کی کارروائی جاری رکھی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ منگل کے روز اجلاس میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں نو لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حبیب جالب کی صاحبزادی کا وظیفہ سابق حکومت میں بند کیا گیا تھا، تاہم اگر وہ درخواست دے تو حکومت ان کی معاونت کر سکتی ہے۔