(فہد بھٹی) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گندے انڈوں کیخلاف آپریشن جاری، لکھو ڈیر کے علاقے میں وزیر خوراک، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے 2 لاکھ 10 ہزار گندے انڈے تلف کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں گندے انڈے بنانے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی دھڑا دھڑ کارروائیاں جاری ہیں۔ آج لکھوڈیر کے علاقے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دو لاکھ دس ہزار گندے انڈے تلف کردیئے۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارتی کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان، صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیم موجود تھی۔
وزیر خوراک نے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گندےانڈوں کے مستقل خاتمے کے لیے ایک مربوط پالیسی بنا رکھی ہے۔ آئندہ صوبے بھر میں کوئی بھی کولڈ سٹور گندے انڈے سٹور نہیں کر سکے گا۔
ڈی جی فوڈ اتھارتی کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا تھا کہ گندے انڈوں کی کھیپ گوجرانوالہ میں کولڈ سٹور میں چھپائی گئی تھی۔ رواں سیزن میں 30 لاکھ سے زائد گندے انڈے تلف کیے گیے جو ایک تاریخی کامیابی ہے۔پنجاب بھر میں گندے انڈوں کا کاروبار کیا جا رہا ہے جسے روکنے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی ہے۔
ڈی جی فوڈ کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن پنجاب بھر سے گندے انڈوں کےخاتمے تک جاری رہے گا۔