(جنید ریاض ) شہر میں سموگ کا خدشہ برقرار، اعلان کے باوجود تمام سکولوں کے بچوں میں ماسک تقسیم نہ کیے جاسکے، ماسک نہ پہننے سے طلبہ سانس اور گلے کی بیماریوں مبتلا ہو سکتے ہیں۔
سکول انتظامیہ کیجانب سے طلبہ کو تاحال ماسک تقسیم نہ ہوسکے۔ سکولوں میں بچوں کے بغیر ماسک پہنے تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں۔ محکمہ تعلیم نے سکول سربراہان کو فروغ تعلیم فنڈ سے تمام بچوں کو ماسک فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ بیشتر سکولوں میں سکول کے اوقات کار کے دوران صفائی ستھرائی کا کام کیا جانے لگا، سموگ کے باعث طلبہ سانس اور گلے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر کا کہنا ہے کہ سکول سربراہان کو فروغ تعلیم فنڈ سے ماسک خرید کر فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ احکامات کیخلاف ورزی پر متعلقہ سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ پرویز اختر نے بتایا کہ ڈی ای اوز اور اے ای اوز سکولوں کے وزٹ کے بعد احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے سربراہوں کی اتھارٹی کو رپورٹ کریں گے۔
دوسری جانب طلبہ کا کہنا ہے کہ انہیں سکول انتظامیہ کیجانب سے ابھی تک ماسک نہیں دیئے گئے۔