یاور ذوالفقار: ہائیکورٹ میں دو سابق وزرائےاعظم کے خلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست پر سماعت، عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، سابق وزیراعظم نواز شریف اسلام آباد عدالت میں پیشی کے باعث پیش نہ ہوئے اور شاہد خاقان عباسی بھی پیش نہ ہو سکے، صحافی سرل المیڈا کراچی میں اپنے مذہبی تہوار میں مصروف ہونے کی بنا پر پیش نہ ہوئے، ان کی طرف سے عدالت حاضری معافی کی تحریری درخواست دی گئی تھی۔
گزشتہ سماعت پر میاں نواز شریف اسلام آباد میں مصروف ہونے کی بنا پر پیش نہیں ہوئے تھے، عدالت کے حکم پر میاں نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈا کے جوابات کی روشنی میں درخواستگزار نے پیر کو بھی جواب الجواب داخل نہیں کرایا۔
درخواست گزار وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائے، شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیراعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی۔