ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ منزل قریب ہے امپورٹڈ حکومت نہیں ہم الیکشن چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانوں کا سمندر آنے والا ہے، اسلام آباد مارچ سے پہلے کل ملتان میں ہمارا آخری جلسہ ہے کل ہی کال دوں گا کہ کب قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری کال پر پوری قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے ہمارے مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مارچ کے لیے جوش اور اپنی توانائی بچائیں جب تک صاف و شفاف الیکشن کی تاریخ نہیں ملتی انسانوں کا سمندر اسلام آباد سے نہیں جائے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ باہر سے ڈکٹیشن دی جاتی ہے کہ روس سے گندم اور تیل نہیں لینا ہے اپنی قوم کو دوسروں کے لیے قربان نہیں کیا جاتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے بڑے ڈاکوؤں، قاتل، لٹیرے، منشیات فروشوں کو ہم پر مسلط کردیا گیا ہے، ہم نے نکل کر سازش کرنے والوں کو بتانا ہے کہ ہم زندہ اور آزاد قوم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاست نہیں ہورہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، سارا بڑا مافیا، ڈاکو ایک طرف اور قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی ہے، بڑے ڈاکو، مافیاز کرپٹ سسٹم کے ذریعے لوگوں کا خون چوستے ہیں، ہم اس مافیا اور ڈاکوؤں کا مقابلہ کرینگے اور بری طرح شکست دینگے۔